منگلورو4؍اکتوبر (ایس او نیوز) کٹیل دُرگا پرمیشوری مندر کے منتظم اورپجاری کے گھر پر آدھی رات کو8 ہتھیا بند لٹیروں نے ڈاکہ ڈالا اور ریوالوروں کی نوک پر 82سونے کے سکے (آٹھ آٹھ گرام کی گنّیاں) اور نقد50ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ آدھی رات کے بعد8افراد ایک گاڑی میں پجاری واسو دیو ارسنّاکے گھر پر آئے جو ریوالوروں اور دیگر ہتھیارات سے لیس تھے۔پھر گھر میں موجود ایک مرد اور تین عورتوں کو دھمکانے کے بعد سونے کی گنیاں اور نقد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔جس سے پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بجپے پولیس انسپکٹر وی ٹی ناگراج اور دیگر اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی۔ فنگر پرنٹس ماہرین اور ڈاگ اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا۔ اس کے علاوہ پولیس کمشنرچندرا شیکھر اور دیگر اعلیٰ افسران نے بھی موقع واردات پر پہنچ کر حالات کا معائنہ کیا۔اور اس معاملے کو پوری سنجیدگی سے لیتے ہوئے جلد ہی مجرموں کو گرفتار کرنے کا بھروسہ دلایا۔